سپیرئیر کالج میں بہترتعلیمی کارکردگی دکھانے والے اساتذہ و غیر تدریسی عملے کی حوصلہ افزائی کے لیے تقریب کا انعقاد
نمایاں کارکردگی پرمحض انعام دینامقصود نہیں بلکہ محنت وقابلیت کی قدر کرنا اور دیگر اساتذہ و ملازمین کو کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ترغیب بھی ہے

وہاڑی (چیف رہورٹر) سپیرئیر کالج میں سالانہ نتائج، تعلیمی کارکردگی، تدریسی و غیر تدریسی امور اور داخلہ مہم کے دوران نمایاں خدمات انجام دینے والے اساتذہ و غیر تدریسی عملے کی حوصلہ افزائی کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ اور ملازمین میں خصوصی نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔ تقریب کے دوران مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ اور عملے کو 50 ہزار، 25 ہزار، 10 ہزار روپے اور دیگر نقد انعامات دیے گئے۔ ڈائریکٹر حق نواز گھمن اور پرنسپل محمد سلیم نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ و ملازمین میں اپنے ہاتھوں سے انعامات تقسیم کیےاس موقع پر ڈائریکٹر حق نواز گھمن نے کہا کہ تعلیمی ادارے کی اصل طاقت اس کے اساتذہ اور محنتی عملے میں ہوتی ہے۔ سال بھر اساتذہ جس محنت، ذمہ داری اور خلوص کے ساتھ طلبہ کی تعلیم و تربیت پر توجہ دیتے ہیں، ان کی حوصلہ افزائی ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمایاں کارکردگی کا اعتراف کرنے کا مقصد محض انعام دینا نہیں بلکہ محنت اور قابلیت کی قدر کرنا اور دیگر اساتذہ و ملازمین کو بھی مزید بہتر کارکردگی کے لیے حوصلہ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیارِ تعلیم میں بہتری ایک مسلسل عمل ہے جس کے لیے انتظامیہ، اساتذہ اور عملے کو مل کر کام کرنا ہوتا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ طلبہ کو ایسا تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں بروئے کار لا سکیں۔ انہوں نے انعام حاصل کرنے والے تمام اساتذہ اور ملازمین کو مبارک باد پیش کی پرنسپل محمد سلیم نے کہا کہ سالانہ نتائج اور ادارے کی مجموعی کارکردگی اساتذہ اور عملے کی مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی میدان میں بہتری کے لیے اساتذہ کی حوصلہ افزائی انتہائی ضروری ہے، کیونکہ ایک باصلاحیت اور متحرک استاد ہی طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے انہوں نے کہا کہ تدریسی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر تدریسی عملہ بھی ادارے کے انتظامی امور کو مؤثر انداز میں چلانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اس لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہر فرد کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ بھی محنت، نظم و ضبط، معیارِ تعلیم اور طلبہ کی بہتر رہنمائی کو ترجیح دی جائے گی۔ تقریب کے اختتام پر انعام حاصل کرنے والے اساتذہ اور عملے کو مبارک باد دی گئی جبکہ اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے اور طلبہ کو ایک مثبت، باصلاحیت اور تعمیری تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
Found this useful?
Send it to someone who should read it.