ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس واسا وہاڑی چوہدری نعیم تارڑ سے سول سوسائٹی کے وفد کی ملاقات
صارفین بلوں کی ادائیگی بروقت یقینی بنائیں تاکہ واسا شہریوں کو پانی، سیوریج اور دیگر متعلقہ سہولیات کی فراہمی جاری رکھ سکے تاجران کے چیئرمین ساجد مسعودمغل کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو

وہاڑی (نمائندہ خصوصی) ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس واسا وہاڑی چوہدری نعیم تارڑ نے کہا ہے کہ واسا صارفین اپنے گھریلو اور کمرشل بلز بروقت ادا کریں تاکہ ادارے کی جانب سے فراہم کی جانے والی بہترین سروسز سے بلا تعطل استفادہ کیا جا سکے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ 10 اکتوبر تک اپنے واسا بلز کی ادائیگی یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی قسم کے بقایاجات یا اضافی مالی ذمہ داری سے بچا جا سکے۔ وہ اپنے دفتر میں مرکزی انجمن تاجران اور شہریوں کے وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ مرکزی انجمن تاجران کے وفد کی قیادت چیئرمین مرکزی انجمن تاجران ساجد مسعود مغل کر رہے تھے، جبکہ صدر انجمن شہریان وہاڑی شاہد محمود مرزا، تاجر رہنما شیخ محمد عمر اور میڈیا ایڈوائزر واسا چوہدری وسیم باری بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران واسا کی جانب سے شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، بلوں کی بروقت ادائیگی، صارفین کے مسائل اور ادارے کی سروسز سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس واسا وہاڑی چوہدری نعیم تارڑ نے مزید بتایا کہ 10 اکتوبر کے بعد گھریلو اور کمرشل واسا بلوں میں بقایاجات کی مد میں شامل رقوم نہیں نکالی جا سکیں گی، اس لیے صارفین مقررہ تاریخ تک اپنے واجبات کی ادائیگی مکمل کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ بروقت بلوں کی ادائیگی سے نہ صرف صارفین کو غیر ضروری پریشانی سے بچنے میں مدد ملتی ہے بلکہ واسا کو بھی شہریوں کو پانی، سیوریج اور دیگر متعلقہ سہولیات کی فراہمی کا نظام مزید مؤثر بنانے میں معاونت ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واسا وہاڑی شہریوں کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے اور مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی، سیوریج سسٹم اور دیگر عوامی سہولیات سے متعلق مسائل کے حل پر توجہ دی جا رہی ہے۔ صارفین کے مسائل کے بروقت ازالے اور سروس ڈیلیوری میں بہتری کے لیے ادارے کی سطح پر اقدامات جاری ہیں۔ چوہدری نعیم تارڑ نے کہا کہ شہری بھی واسا سے متعلق مسائل کی نشاندہی ذمہ داری کے ساتھ کریں اور ادارے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اپنے بلز کی بروقت ادائیگی کو معمول بنائیں، تاکہ دستیاب وسائل کو شہری سہولیات کی بہتری پر مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکے۔ مرکزی انجمن تاجران کے چیئرمین ساجد مسعود اور شاہد محمود مرزا نے واسا انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اور مسائل کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تاجر برادری اور شہریوں کو بلوں کی بروقت ادائیگی سمیت ادارے کے ساتھ تعاون کی ترغیب دی جائے گی۔
Found this useful?
Send it to someone who should read it.